اسلام آباد میں منسوخ شدہ 235 کھوکھے بحال، ماہانہ کرایہ 6 ہزار کر دیا گیا، میئر

May 31, 2018

اسلا م آباد (وقائع نگار) میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہاکہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) شہر کے تمام دیرینہ مسائل کو مکمل طور پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اپنے قیام سے لے کر اب تک ایسے کئی مسائل کو حل کر چکی ہے جنکا حل بظاہر نا ممکن نظر آتا تھا ۔ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد نے اسلام آباد میں منسوخ شدہ کھوکھوں کی بحالی کی دستاویزات دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر ،مرتضیٰ جاوید عباسی ، ایم سی آئی کی یونین کونسلوں کے چیئرمین ، اسلام آباد کھوکھا ایسوسی ایشن یونین کے نمائندے اور ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن بھی موجود تھے۔ میئر اسلام آباد نے کہا کہ قومی اسمبلی کی نو رکنی کمیٹی کی سفارشات پر پہلے مرحلے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے شہر کے مختلف سیکٹروں میں منسوخ شدہ 235کھوکھوں کو بحال کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن کے قیام کے وقت مجھے بتایا گیا کہ کھوکھوں کی بحالی کا مسئلہ 2013؁ء سے حل طلب ہے جس پر اس مسئلہ کے حل کے لیے متعلقہ شعبے کو ہدایت کی گئی کہ کھوکھوں کی بحالی سے متعلق ایک پالیسی مرتب کی جائے جس سے یہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل کیا جا سکے اور یہ کھوکھے اسلام آباد کی خوبصورتی کو متاثر کرنے کے بجائے اس کی خوبصورتی میں اضافہ کا باعث بنیں جس کے بعد ایم سی آئی نے کھوکھوں کے لئے ایک با قا عدہ ڈیزائن تیار کروایاہے جو پورے شہر میں یکساں طور پر اپنایا جائے گا تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھوکھوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ ان کا ماہانہ کرایہ 600 سے بڑھا کر 6000 کر دیا گیا ہے جس سے ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ میئر اسلام آباد نے مزید کہاکہ مستقبل میں کھوکھوں کی اطراف میں تجاوزات اور تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔اس ضمن میں باقاعدہ مانیٹرنگ کا نظام بھی وضع کیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں قواعد و ضوابط کا سختی سے اطلاق ہو سکے۔

مزیدخبریں