اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) ملکہ برطانیہ نے ایک پاکستانی ٹیچر ماسٹر ایوب کو ’’پوائنٹ آف لائٹ‘‘ ایوارڈ دیا ہے۔ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشن کے پریس ریلیز کے مطابق ماسٹر ایوب جو اسلام آباد کے ایک فائر فائٹر ہیں ایک سڑک پر سکول چلاتے ہیں جہاں وہ ان بچوں کو پڑھاتے ہیں جو سکول نہیں جا سکے۔ ماسٹر ایوب نے تیس سال پہلے ایک پارک میں چار بچوں کو پڑھانا شروع کیا تھا اب تک کھلے آسمان کے نیچے منعقد ہونے والے اس سکول میں 250 بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ماسٹر ایوب بچوں سے کوئی فیس وصول نہیں کرتے۔ وہ بچوں کو انگریزی‘ ریاضی‘ اردو پڑھاتے ہیں۔ ہزاروں بچے اس سکول سے پڑھ کر سرکاری امتحانات دے چکے ہیں۔ ان میں سے کئی بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ماسٹر ایوب نے اپنے سکول کے لئے اب رضا کاروں کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔