لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) ورلڈ کپ کے سب سے کم عمر اور سب سے عمر رسیدہ کرکٹرز کے نام بھی سامنے آگئے ہیں۔پانچ نوجوان کرکٹرز میں 3 پاکستانی 2 افغانی جبکہ عمر رسیدہ میں 2 پاکستانی، ایک، ایک ویسٹ انڈین اور بھارتی پلئیرز شامل ہیں۔ورلڈ کپ 2019 میں شرکت کرنے والے کم عمر ترین کرکٹر افغانستان کے مجیب الرحمٰن ہیں۔ افغان اسپنر ورلڈ کپ کے آغاز پر 18 سال 63 دن کے ہوں گے۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین 19 سال 54 اور 55 دن کی عمر میں ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے، جبکہ لیگ سپنر شاداب خان کی عمر 20 سال 238 دن کی ہوگی۔ افغان لیگ اسپنر راشد خان 20 سال 252 دن کی عمر میں میگا ایونٹ کا آغاز کریں گے۔جنوبی افریقا کے پاکستانی نڑاد لیگ اسپنر عمران طاہر ورلڈ کپ کے افتتاحی روز 40 سال 64 دن کے ہوجائیں گے۔ویسٹ انڈین سٹار کرس گیل 39 سال 251 دن کی عمر میں میگا ایونٹ کی شروعات کریں گے۔ جبکہ پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ ورلڈ کپ کے پہلے روز 38 سال 235 دن کے ہو جائیں گے۔ بھارت کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین ایم ایس دھونی 37 سال 227 دن میں ایونٹ کا آغاز کر رہے ہیں۔ شعیب ملک ورلڈ کپ کے آغاز پر 37 سال 118 دن کے ہوں گے۔