لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کو معطل کر دیا۔ سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کے مطابق کراچی ہاکی کے معاملات چلانے کے لئے چار رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کرنل آصف ناز کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ کمیٹی میں بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری امجد ستی ، اولمپیئن دانش کلیم اور اجمل خان لودھی شامل ہیں۔ کمیٹی معاملے کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پی ایچ ایف کو پیش کریگی ۔ چار رکنی انکوائری کمیٹی ملک بھر میں متنازعہ امور کو دیکھے گی۔ سیکرٹری آصف باجوہ کے مطابق پی ایچ ایف آ ئین کا ازسر نو جائزہ لینے کیلئے سات رکنی کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے کمیٹی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے آ ئین میں ترامیم کے حوالے سے تجاویز دے گی ۔اولمپئن سعید خان کمیٹی کے کنوینر ہوں گے ۔کرنل آصف ناز ، رمضان جمالی ، امجد پرویز ستی ، رانا مجاہد علی اور پی ایچ ایف لیگل ایڈوائزر کمیٹی ممبر ہوں گے ۔راجہ غضنفر علی کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کراچی ایسوسی ایشن کو معطل کر دیا
May 31, 2019