کراچی (اسپورٹس رپورٹر)لندن میں بارہواں آئی سی سی ورلڈ کپ 30 مئی 2019 سے شروع ہوگیا۔ ایونٹ افتتاحی ٹاکرا میزبان ٹیم انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین ہوا۔ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں اسٹیڈیم شائقین کرکٹ سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش قابل دید تھی۔ میچ سے قبل دونوں ٹیموں کا ٹرافی کے ہمراہ فوٹو سیشن ہوا اور قومی ترانے بجائے گئے۔ افتتاحی میچ میں انگلینڈ نے 311رنز بناکر ایونٹ میں اپنے فیورٹ ہونے کو مزید مستحکم کردیا اور ایونٹ میں شریک دیگر ٹیموں پر د ھاک بٹھادی۔12ویں کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 104 رنز کے واضح فرق سے شکست دے کر اس ٹورنامنٹ میں اپنے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔اس ٹورنامنٹ کے شروع ہونے سے قبل پانچویں مرتبہ عالمی کپ کی میزبانی کرنے والے ملک انگلینڈ کی ٹیم کو ’فیورٹ‘ قرار دیا جا رہا تھا جس کا بھرپور مظاہرہ انھوں نے پہلے ہی میچ میں کر دیا۔جنوبی افریقہ نے اس میچ میں ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی اور انگلینڈ نے آٹھ ووکٹوں کے نقصان پر 311 رنز سکور کیے۔انگلینڈ کے 311 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام نظر آئی اور ان کے لیے پچاس اوور پورے کرنا بھی دشوار ہو گیا۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم چالیسویں اوور میں 207 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔جنوبی افریقہ کی بیٹنگ جو شروع ہی میں لڑکھڑا گئی تھی اننگز کے کسی بھی مرحلے پر اپنے قدم نہ جما سکی اور ووکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ووکٹیں گرنے کی رم جھم انگلش کھلاڑیوں کی نپی تلی بالنگ کے علاوہ شاندار فلیڈنگ کی وجہ سے بھی جاری رہی۔بلا خوف تردید یہ کہا جا سکتا ہے کہ سٹوک نے باونڈری پر پھلکوائیو جو کیچ پکڑا اس نے عالمی کپ میں فیلڈنگ کا نیا معیار قائم کر دیا ہے جسے دوسری ٹیموں کے لیے برقرار رکھنا شاید آسان نہ ہو۔گو انگلش اننگز کے دوران جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں نے بھی بہت معیاری فیلڈنگ کی تھی اور کئی ایک اچھے کیچ پکڑے لیکن سٹوک کا کیچ یقیناً غیر معمولی تھا۔میچ کے 35ویں اوور کی پہلی گیند پر عادل رشید کی گیند پر پھلکوائیو نے اچھی شاٹ لگائی تھی جسے سٹوک نے حیرت انگیز طور پر ہوا میں جست لگا کر پکڑ لیا۔
بارہواں آئی سی سی ورلڈکپ شروع، انگلینڈ کی بیٹنگ لائن نے دھاک بیٹھا دی
May 31, 2019