کابل(آن لائن+آئی این پی)افغانستان کے دارالحکومت میں فوجی اکیڈمی کے قریب خودکش دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور6 زخمی ہوگئے۔افغان حکام کے مطابق کابل میں خود کش حملہ آور نے فوجی اکیڈمی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اکیڈمی کے قریب ایک فوجی اہلکارنے مشکوک شخص کو روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ کسی بھی گروپ نے فوری طور پراس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔علاوہ ازیںافغانستان میں سکیورٹی فورسزکا خصوصی آپریشن، طالبان سے28 افراد کو بازیاب کروالیاجبکہ جھڑپوں میں دو جنگجو مارے گئے۔افغان وزارت داخلہ نے بیان میں کہاکہ صوبہ زابل کے ضلع نو بہار میں سکیورٹی فورسز کے خصوصی آپریشن میں طالبان اورفورسزکے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دو جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔آپریشن کے دوران طالبان کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے 16 عام شہریوں اور12فوجیوں کو بھی بازیاب کرالیا گیا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ بازیاب کرائے گئے افراد کو علاج کیلئے ایک فوجی کیمپ میں منتقل کردیا گیا ہے،تاہم علاج کے بعد رہائی پانے والے افراد اپنے گھروں کوواپس چلے جائیں گے۔
افغانستان: فوجی اکیڈمی کے قریب خودکش حملہ ، 6 افراد ہلاک
May 31, 2019