ورلڈ مافیا خطرناک، کرکٹ کا ہر میچ فکس ہوتا ہے، سنجیو چاولہ کا انکشاف

May 31, 2020

لاہور(سپورٹس ڈیسک) بھارتی بکی سنجیو چاولہ نے انکشاف کیا ہے کہ کوئی بھی کرکٹ میچ شفاف نہیں ہوتا‘عوام جو میچ دیکھتے ہیں سب فکس ہوتے ہیں ۔انہوںنے دہلی پولیس کوبتایا کہ کرکٹ کے تمام میچز پر ایک بہت بڑا انڈر ورلڈ مافیا اثر پذیر ہے ‘ہم تو بس فلموں کی طرح ہیں جو ہدایتکار کہے اس کے مطابق کام کرنا ہے ۔ انڈر ورلڈ مافیا کی وجہ سے ان کی زندگی بھی خطرے میں ہے اورمیچ فکسنگ کی وجہ سے انہیں دھمکیاں دی گئیں ۔ وہ میچ فکسنگ میں ملوث ہے اور مزید تفصیلات ظاہر نہیں کرسکتا۔ انڈر ورلڈ مافیا کے لوگ بہت خطرناک ہیں ‘اگر کچھ بھی ظاہر کیاتو وہ مجھے جان سے مار دیں گے ۔ دہلی پولیس کے مطابق جب سے کیس کی تحقیقات شروع کی ہیں کچھ بھی معلومات نہیں بتائی گئی ہیں ۔ ملزم کی طرف سے تعاون نہ کرنے کی چارج شیٹ داخل کی جائے گی ۔ ملزم کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ چاولہ کیسے میچ فکسنگ میں ملوث ہوا‘وہ1993ء میں کپڑے کے کاروبار کی وجہ سے لندن منتقل ہوااور 2000ء میں انگلینڈ کی شہریت بھی مل گئی ۔ ان سے 2000ء میں میچ فکسنگ کیس کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں ۔

مزیدخبریں