لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری آڈٹ میں سابق دور میں ہونے والی بھاری ادائیگیوں پر وسیع پیمانے پر اعتراضات سامنے آئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے مشیر اور اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر شکیل شیخ کو پی سی بی سے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کرنے پر وضاحت طلب کی ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں اعتراضات سامنے آئے ہیں کہ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے مشیر کو نوازا جاتا رہا ہے، جس میں غیر ملکی دورے اور حکومت سے لی گئی سرکاری گراونڈ کا غیر قانونی کمرشل استعمال کر کے بھاری رقم وصول کی جاتی رہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی آڈٹ دستاویزات منظر عام پر آئی ہیں جن میں ابھی صرف اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر شکیل شیخ کیخلاف ثبوت منظر عام پر آئے ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے شکیل شیخ کو نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں ان سے ایک کروڑ 44 لاکھ روپے بورڈ سے وصول کیے جانے کی وضاحت طلب کی ہے۔