لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈاور ہیڈ کوچ مصباح الحق کے درمیان قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ پر مشاورت جاری ہے جس میں طبی پہلووں کو سامنے رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی تعداد کا تعین کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی 25 کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھیجنا چاہتا ہے جبکہ ٹریننگ کیمپ میں 30 ممکنہ کھلاڑیوں کو بلانے کا پلان ہے۔ذرائع کے مطابق ٹریننگ کیمپ کے لئے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت جاری ہے ، اکیڈمی میں کتنے کھلاڑیوں کو بائیوسیکیور انتظامات میں رکھنا مناسب ہو گا اس کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔پی سی بی جون کے پہلے ہفتے میں ٹریننگ کیمپ لگانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ، کیمپ میں سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ اور ایمرجنگ کیٹگری کے 3 کھلاڑی شامل ہوں گے ، اس کے علاوہ کسی بھی فارمیٹ میں قومی ٹیم کے رکن کو بھی کیمپ میں بلایاجائے گا۔کیمپ میں کھلاڑیوں ، سپورٹ سٹاف اور متعلقہ لوگوں کو ایک جگہ رکھنا پی سی بی کے لیے بڑا چیلنج ہے۔دوسری جانب انگلینڈ نے بھی ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے خلاف ممکنہ سیریز سے قبل ٹریننگ کے لیے اپنے کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز اگست میں شیڈول ہے۔دورہ انگلینڈ کیلئے 25 سے 27 کھلاڑیوں کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے، سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کیساتھ ایمرجنگ کیٹیگری کے تینوں کھلاڑی بھی شامل ہوں گے، تینوں فارمیٹ کے حالیہ سکواڈزکا حصہ رہنے والے کرکٹرزکوبھی کیمپ میں بلایاجائے گا، تربیتی کیمپ 7جون سے شروع ہوگا۔ہیڈ کوچ مصباح الحق، پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم اور دیگر متعلقہ حکام یہ جائزہ لے رہے ہیں کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بائیو سیکیور ماحول میں کتنے کھلاڑیوں کو رکھنامناسب ہوگا،رہائشی سہولیات ناکافی ہونے پر متبادل انتظام کیا ہوگا۔یاد رہے کہ منتخب کرکٹرز کو جولائی کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ روانگی سے قبل لاہور میں قرنطینہ ٹریننگ کرنا ہے جس کیلئے تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں۔