مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز)مسجد اقصیٰ کو نماز اور عبادت کے لیے (آج ) اتوار کو کھولا جائیگا ۔فلسطینی اسلامی اوقاف کی طرف سے جاری کردہ اعلان کے مطابق مسجد اقصیٰ کو(آج) 31مئی بروز اتوار کو کھولا جائیگا ، کھولنے سے قبل مسجد کی صفائی اور ضروری مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا ۔خیال رہے کہ فلسطینی وزارت اوقاف نے 31 مئی کو مسجد اقصیٰ کو نماز کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ گذشتہ اڑھائی ماہ سے مسجد اقصیٰ کورونا کی وبا کی وجہ سے عبادت اور نماز کے لیے بند رہی ۔اسلامی اوقاف کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کی آمد سے قبل مقدس مقام کی صفائی اور سینی ٹائزنگ کا عمل مکمل کیا گیا ۔اس کے علاوہ مسجد اقصی میں نمازیوں کے در میان سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے نشانات بھی لگائے گئے ۔گذشتہ روز مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹر الشیخ عمر الکسوانی نے کہا تھا کہ مسجد اقصی کو اتوار کے روز نماز کے لیے کھولا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد کو کھولنے سے قبل اس کی صفائی کاکام جاری ہے۔ مسجد اقصیٰ میں شہریوں کے کورونا سے بچائو کے لیے حفاظتی انتظامات کو بھی یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔