پنجاب میں منہ، ناک ڈھانپنے کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ

May 31, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدات کابینہ کمیٹی برائے انسداد کرونا کا اجلاس ہوا۔ جس میں وائرس کی وجہ سے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس کے شرکاء نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کے لئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں اور پنجاب میں ایس او پیز کے مطابق مختلف اداروں کو کھولنے کیلئے وفاق کو سفارشات پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں منہ اور ناک ڈھانپنے کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کا اصولی فیصلہ کیاگیا، جس کے تحت انتظامیہ، پولیس اور ٹریفک وارڈن منہ اور ناک نہ ڈھانپنے والے افراد کو تنبیہہ کر سکیں گے۔ کابینہ کمیٹی نے پنجاب پبلک سروس کمشن میں ایس او پیز کے تحت ایک ہزا رلیڈی ڈاکٹرز کے انٹرویوزکی اجازت دے دی۔ پنجاب پبلک سروس کمشن ایس او پیزپر عملدرآمد کو یقینی بنا کر تحریری امتحان اور انٹرویوز لے سکے گا۔ تاہم این سی او سی کو پنجاب پبلک سروس کمشن انٹرویوز کی اجازت کے فیصلے سے آگاہ کیاجائے گا۔ اجلاس میں طے کیا گیاکہ مقامی طو رپر وینٹی لیٹر اور ریسپارائٹرکی تیاری کی اجازت کے لئے ڈریپ سے رجوع کیاجائے گا۔ پارکس کھولنے کی تجویز کا جائزہ، حتمی فیصلہ این او سی او کرے گا۔ تجارتی اداروں کے نئے اوقات کار اور 2 دن تعطیل کا فیصلہ بھی این سی او سی کرے گا۔ میو اور جناح ہسپتال میں پلازما ڈونرز کی فہرستوں کی تیاری شروع کر دی گئی، ایکسپرٹ پروٹوکول کے تحت نازک حالت میں کرونا مریض کا پلازما سے علاج کیا جاسکے گا۔ کرونا مریضوں کی نقل و حمل کے لئے سنٹرل کنٹرول روم میو ہسپتال میں بنایا جائے گا اور ڈاکٹر اسد اسلم سنٹرل کنٹرول روم کے آپریشن کمانڈر ہو ں گے۔ پنجاب میں کرونا مریضوں کے لئے بیڈز یا سہولیات کی کوئی کمی نہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ وفاق سے 1500 وینٹی لیٹر فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ ریسٹورنٹس،کیفے وغیرہ کھولنے سے متعلق وفاق کی ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی اور عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ بجٹ اجلاس کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرونا وبا کے باعث طرز زندگی بدل گیا ہے۔ معمولات زندگی میں تبدیلی وقت کا تقاضا ہے۔ سماجی طرز عمل میں تبدیلی کیلئے نئے قوانین متعارف کرانا ہوں گے۔ پنجاب حکومت امتناع وباء آرڈیننس متعارف کراچکی ہے۔ سردار عثمان بزدار نے مولانا عبدالرشید راشد ہزاروی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سردار عثمان بزدار سے وزیر ریلویز شیخ رشید احمدنے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور، عمومی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے بتایا کہ حکومت پنجاب کرونا کے خاتمے کے لئے تمام تر میسر وسائل بروئے کارلا رہی ہے -لاہور، راولپنڈی او ردیگربڑے شہروں میں کرونا سے بچاؤ کے لئے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ عثمان بزدار نے فیصل آباد کے علاقے تاندلیانوالہ میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں