اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) گلوبل پیس کینیڈا کے سربراہ ڈاکٹر خورشید اے بابر نے کرپشن کے خاتمے کیلئے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی کارکردگی کو اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا ہے۔ خورشید اے بابر نے کہا ہے کہ جسٹس جاوید اقبال ایک تاریخی شخصیت ہیں اور آنیوالی نسلوں کیلئے ایک مثال ہیں۔ جنہوں نے بڑی مچھلیوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل‘ ورلڈ اکنامک فورم و پلڈاٹ جیسے اداروں نے بھی نیب پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ نیب ادارہ جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں ملک کو کرپشن سے پاک بنانے کی توقعات پر پورا اترا ہے۔ اور اس نے 28 ماہ میں 178 ارب روپیہ وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرایا اور یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا جہاں تک نیب کی شاندار کارکردگی کا تعلق ہے‘ نیب نے کرپٹ عناصر کو پکڑنے اور ان سے لوٹی ہوئی دولت ریکور کرانے کیلئے ایک مؤثر قومی حکمت عملی بنائی۔ یہ پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ نیب کرپشن کیخلاف اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت پاکستان کی فوکل تنظیم ہے۔ اس کنونشن کی پاکستان نے توثیق کی تھی۔ پاکستان واحد ملک ہے جس نے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر نیب کے ذریعے دستخط کئے تاکہ سی پیک کے منصوبوں پر نظر رکھی جا سکے۔ نیب نے خود پاکستان کے انٹی کرپشن اکیڈمی بھی قائم کی ہے تاکہ اسکے تفتیشی افسروں اور پراسیکیوٹرز کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کی جا سکے۔ مزید کہا کہ نیب ایک عوام دوست ادارہ ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ نیب دفاتر کا دورہ کرنیوالے لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔
اوورسیز پاکستانیوں کا چیئرمین نیب کی کارکردگی کو سیلوٹ
May 31, 2020