اسلام آباد+گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے خلاف غیر ملکی خاتون کی جانب سے ٹویٹر پر نازیبا کلمات پر تھانہ ماڈل ٹاون میں مقدمہ کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات صغیر بٹ، رانا حنیف، ملک ذوالفقار بھٹو اور اسحاق مہر کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں رہائش پذیر امریکی خاتون کی جانب سے اپنے ٹویٹر اکائونٹ سے پاکستان کی عظیم رہنما اور دو بار وزیراعظم رہنے والی مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے خلاف نازیبا کلمات درج کیے گئے ہیں جس سے ہم سب عہدیدار ان اور پارٹی کی بہت دل آزاری ہوئی ہے۔ سازش کے تحت پاکستان کی عظیم رہنما کے بارے ایسی بات کی جا رہی ہے۔ اس غیر ملکی خاتون کو فوری طور پر ایسے عمل سے روکا جائے اور اس خاتون کا سوشل میڈیا اکائونٹ بند کرایا جائے، مقدمہ درج کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے۔دریں اثناء پی پی پی کی سابق سینیٹر سحر کامران نے ڈی جی ایف آئی اے، سیکرٹری خارجہ، ڈی جی آئی ایس آئی کو امریکی خاتون سینتھیا ڈی ریچی کے حوالے سے خط لکھا ہے جس میں امریکی خاتون کو ملک سے ڈی پورٹ کرنے اور اسے ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے کا کہا گیا ہے۔