لاہور/ پنڈی بھٹیاں/ ملتان (کامرس رپورٹر+ نامہ نگاران+ نمائندگان سے) برائلر گوشت کی قیمتوں کے تنازعہ پر آج سے کئی شہروں میں پولٹری ٹریڈرز نے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ملتان میں گزشتہ روز سرکاری نرخوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں پرچون سطح پر سرکاری نرخنامے میں برائلر گوشت کی قیمت260روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت179روپے پر مستحکم جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت2روپے اضافے سے101روپے فی درجن رہی۔ شہر کے مختلف مقامات پر گزشتہ روز بھی برائلرگوشت کی سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت نہ ہو سکی اور دکانداروں نے طلب اور رسد میںفرق کوجواز بناتے ہوئے زائد قیمتوں پر فروخت جاری رکھی۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق پولٹری ٹریڈز ایسوسی ایشن کے آفس میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں تمام پولٹری ٹریڈرز‘ بروکرز اور سپلائرز نے شمولیت اختیار کی۔ پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے حتمی فیصلہ کیا ہے کہ آج سے جب تک گوشت کا ریٹ فکس ہے۔ پنڈی بھٹیاں کی تمام تر چک شاپس غیر معینہ مدت تک بند رہیں گی۔ علاوہ ازیں ملتان پولٹری ٹریڈرز اینڈ ملتان پولٹری بروکرزاور دکانداروں نے آج سے ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ ملتان پولٹری بروکرز ایسوسی ایشن اور دکانداران ایسوسی ایشن کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں پولٹری نرخ کے حوالہ سے حکومت پنجاب کے احکامات کا جائز ہ لیتے ہوئے ردعمل کا اظہار کیا گیا اور متفقہ طور پر طے پایا کہ آج 31مئی سے برائلر گوشت کی فروخت سپلائی نہیں کی جائے گی اور ہر شعبہ مکمل طور پر بند رہے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست اعلیٰ چوہدری افضل صدر حاجی وکیل، جنرل سیکرٹری نیازمغل، نائب صدر رانا عمران، باقر صدیقی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 260روپے فی کلو برائلر گوشت 300 میں خرید کر فروخت نہیں کرسکتے اجلاس کے اختتام پر حکومتی اقدامات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ گڑھا موڑ سے نامہ نگار کے مطابق دوسرے روز بھی چکن فروشوں کی جانب سے مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی، کوٹ ادو سے خبر نگار کے مطابق چکن شاپس مالکان کی تیسرے روز ہڑتال سے کوٹ ادو میں چکن کا گوشت نایاب ہو گیا ہے۔