اسلام آباد یونائیٹڈ گرمی اور حریفوں پر قابو پانے کیلیے پُرعزم

May 31, 2021

اسلام آباد(یواین پی)پی ایس ایل6کے باقی میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ گرمی اور حریفوں پر قابو پانے کیلیے پْرعزم ہیں جب کہ کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ کنڈیشنز نئی ہیں اور ٹیموں کے کمبی نیشن بھی تبدیل ہوں گے۔ گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہاکہ پی ایس ایل 6کے دوران کراچی میں کارکردگی ماضی بن چکی، ابوظبی میں میچز ایک نیا چیلنج ہیں،کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کیلیے سخت محنت کرنا ہوگی،کنڈیشنز نئی اور ٹیموں کے کمبی نیشن بھی تبدیل ہوں گے، ہمیں اچھے متبادل مل گئے ہیں، صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنا کمبی نیشن بنائیں گے،ایونٹ میں فتوحات کا سفر جاری رکھنے کے لیے پْرعزم ہیں۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ایلکس ہیلز، فل سالٹ اور لوئس گریگوری کی موجودگی میں پلیئنگ الیون متوازن تھی مگر ان کا خلا پْر کرنے کے لیے عثمان خواجہ جیسا تجربہ کار بیٹسمین میسر آگیا، آسٹریلوی کرکٹر اپنے جائے پیدائش کے شہر کی نمائندگی کیلیے پْرجوش ہیں،وہ ہماری فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،کولن منرو بھی ہیں، ابوظہبی کی کنڈیشنز میں ظفر گوہر اچھا پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حسن علی نے کم بیک پر بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے، وہ ٹیم کا حوصلہ جوان رہتے ہیں مگر میں ان پر توقعات کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا، پیسر کے ساتھ ٹیم میں شامل آصف علی، حسین طلعت اور فہیم اشرف نے بھی ماضی میں میچز جتوائے، وہ اب بھی بھرپور پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، غیر ملکی کرکٹرز کی دستیابی خوش آئند ہے مگر ہمارا انحصار ملکی کرکٹرز پر ہوگا۔شاداب خان نے کہا کہ ابوظہبی کے موسم میں مشکل ضرور ہوگی مگر ایک پروفیشنل کے طور پر گرمی یا سردی کی پرواہ کیے بغیر کھیلنا پڑتا ہے، ویسے بھی مشکلات تو تمام ٹیموں کے لیے ایک جیسی ہیں، اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے پرفارم کرنا ہوگا، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی اس کیلیے تیار ہیں،ابوظبی میں اچھا ماحول اور بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم قرنطینہ میں رہنے کے عادی ہوچکے ہیں، اس لیے کوئی خاص پریشانی نہیں،سب انفرادی ٹریننگ کر رہے ہیں، کمرے میں خود کو زیادہ سے زیادہ متحرک رکھنے کی کوشش ہوتی ہے تاکہ قرنطینہ ختم ہونے پر مہارت میں بہتری لانے کے لیے زیادہ کام کریں۔

مزیدخبریں