تربیلا ( نامہ نگار) اقتصادی امور گے وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ اپنے حلقہ کی تعمیر و ترقی اور مسائل کا حل میری ہمیشہ سے اولین ترجیح رپی ہے۔ حلقہ میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔وفاقی وزیر نے ان خیالات کا تحصیل غازی کی یونین کونسل کوٹہڑہ کے دیہات تھلی کوٹ، جھامرہ اور یو نین کونسل قاضی پور کے گاں ڈیرہ دوستم میں کروڑوں روپے کی لاگت سے رابطہ سڑکوں کے منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریبات سے خطاب دوران کیا ہے۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ وہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ۔ حلقہ کے عوام کی خدمت ایک جذبہ کے تحت کر رہے ہیں ۔ تحصیل غازی کے مختلف علاقوں میں بجلی، سوئی گیس کی فراہمی اور سڑکوں کی تعمیر کی مد میں 6 ارب کی خطیر فنڈنگ کی جاچکی ہے۔جھامرہ کو سوئی گیس کی فراہمی کے لئے22 کروڑ روپے، جھامرہ فیڈر کے لئے 6 کروڑ کی فنڈنگ کی ہے۔ مذکورہ منصوبوں کی تکمیل سے پسماندہ علاقہ جات کے عوام کی طرز زندگی میں ترقی کا انقلاب آئے گا ۔ علاقے میں خوشحالی آئے گی اور عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے تحصیل ہیڈکوارٹر غازی کے جڑواں گاں خالو میں ملک رفعت کی طرف سے دئیے گئے عصرانہ میں بتایا کہ تحصیل غازی میں بھی ریسکیو 1122 کی منظوری وزیر اعلی کے پی کے محمود خان سے حاصل کر لی ہے جس کا جلد قیام عمل میں آجائے گا۔