بھارت : کرونا سے 3614 اموات ، نعش دریا میں پھنکنے کی ویڈیو وائرل 

May 31, 2021

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں کرونا کی صورتحال بدستور سنگین ہے۔ ایک ہی روز میں مزید تین ہزار 614  ہلاکتیں ہوئیں۔ مرنے والوں کی تعداد تین لاکھ 26 ہزار تک پہنچ گئی۔ بھارت میں چوبیس گھنٹے میں مزید ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ کوویڈ سے جڑے بلیک فنگس کے کیسز بھی مسلسل بڑھے ہیں۔ صوبہ بہار میں کرونا کے مریض سیلابی پانی سے بھرے ہسپتالوں میں علاج کرانے پر مجبور ہیں۔ دارالحکومت نئی دہلی میں لاک ڈائون میں 7 جون تک توسیع کر دی گئی ہے۔ بھارت کرونا کی دوسری لہر کی ہلاکت خیزی جاری ہے لیکن حکومت کی ہٹ دھرمی اور سنگ دلی بھی کسی سے پوشیدہ نہیں۔ حال ہی میں بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع بلرام پور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں کرونا سے ہلاک مریض کی لاش راپتی دریا میں پھینکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو گاڑی میں سوار دو مسافروں کی جانب سے بنائی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بلرام پور کے چیف میڈیکل آفیسر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ لاش کرونا کے مریض کی تھی جبکہ مریض کے رشتہ دار اسے دریا میں پھینکنے کی کوشش کر رہے تھے جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

مزیدخبریں