لاہور، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نوائے وقت رپورٹ) کرونا وبا کے باعث مزید 56 افراد چل بسے، مزید 2697 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مصدقہ مریضوں کی تعداد 918,936 ہوگئی ہے۔ 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ مجموعی اموات 20736 ہوگئی۔ این سی او سی کے مطابق 2 ہزار 620 مریض صحت یاب ہوئے۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں3548616 ہو گئیں۔ کیسز17کروڑ 6 لاکھ 29ہزار سے تجاوز کر گئے۔ بھارت کا خطرناک کرونا وائرس پاکستان میں بھی پہنچ گیا۔ اس حوالے سے وزارت صحت نے بتایا ہے کہ متاثرہ شخص حال ہی میں خلیجی ملک سے 8 مئی کو پاکستان پہنچا تھا۔ تعلق آزادکشمیر سے ہے۔ این سی او سی سربراہ وفاقی وزیراسد عمر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ الحمد اللّہ! گزشتہ روز ایک دن میں ویکسینیشن کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا۔ ملک بھر میں 3 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی گئی۔ اْنہوں نے کہا کہ اب تک 70 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔ این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ دسویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات 23 جون اور 29 جولائی کو ہونگے۔ صوبوں کو کرونا وائرس سے احتیاطی تدابیر کے ساتھ پیر (آج) سے دسویں اور بارہویں جماعتوں کو مرحلہ وار کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایک روز میں ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا۔ ہفتہ کو 3 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج سے 10 ویں سے 12 ویں تک کلاسز شروع کرنے کی اجازت دیدی گئی۔ وزیر تعلیم پنجاب مرادراس نے کہا ہے کہ 10ویں جماعت کے طلباء کیلئے آج سے پنجاب کے تعلیمی ادارے کھول دیں گے۔ چین سے سائنوویک کرونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا دی گئیں۔ یورپ میں عالمی ادارہ صحت کے علاقائی سربراہ ہانس کلوگ نے خبردار کیا ہے کہ جب تک دنیا کی ستر فیصد آبادی کو ویکسین نہیں دے دیا جائے گا، اس وقت تک کرونا وائرس پر قابو نہیں پایا جا سکے گا۔ کلوگ نے ہندوستانی کرونا وائرس کا پھیلاؤ برطانوی کرونا کے پھیلاؤ سے زیادہ خطرناک ہے۔
کرونا : 56 جاں بحق ، دسوین باہویں کی کلاسز آج شروع
May 31, 2021