لاہور(سپورٹس رپوٹر)کمرشل پروازوں پر متحدہ عرب امارات روانگی کی منظوری ملنے کے بعد پی ایس ایل 6 کے میڈیکل ایڈوائزری پینل کی مشاورت سے لاہور اور کراچی کے ہوٹلز میں آئسولیشن کرنیوالے مجموعی طور پر 13 کھلاڑیوں اور آفیشلز کو اپنے اپنے گھر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان افراد کے ویزوں کے اجراء میں ممکنہ طور پر مزید تاخیر کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ یہ تمام کھلاڑی اور آفیشلز اپنے اہلخانہ کیساتھ وقت گزار سکیں۔جونہی ان افراد کے ویزے جاری ہوں گے، ان افراد کو پی سی آر ٹیسٹ کروانے کے بعد پہلی دستیاب کمرشل فلائٹ کے ذریعے ابوظہبی روانہ کردیا جائیگا۔دوسری طرف، پانچ کھلاڑی اور آفیشلز کراچی سے براستہ دوحہ ابوظہبی پہنچ چکے ہیں جبکہ لاہور کے ہوٹل میں موجود 12 افراد براستہ بحرین ابوظہبی روانہ ہوچکے ہیں۔ یہ تمام 17 افراد یو اے ای حکومت کی خصوصی اجازت کے بعد کمرشل فلائٹ کے ذریعے ابوظہبی روانہ ہوئے۔دریں اثناء گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد سمیت 10 افراد کو ابوظہبی روانگی سے روک دیا گیا جبکہ محمد حسنین اور دیگر 5 افراد کمرشل فلائٹ سے روانہ ہوئے تھے ۔ لاہور ائیر پورٹ پہنچنے والے تمام 10 افراد بھی سفر نہیں کر سکے۔تضحیک پر سرفراز احمد نے برہمی کا اظہار کیا اور پی سی بی کے متعلقہ ذمہ داران پر برس پڑے تاہم معاملہ کی نزاکت جانتے ہوئے فرنچائز مالک ندیم عمر نے صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا لیکن ملک اور قوم کو بدنامی سے بچانے کیلئے احتجاج سے گریز کرنے کا فیصلہ کیا۔فرنچائز نے واقعہ کو پی سی بی کے متعلقہ ذمہ داران کی نااہلی قرار دیا ہے۔ پی سی بی نے دوبارہ ابوظہبی سپورٹس کونسل سے رابطہ کیا اور سرفراز سمیت دیگر 10 افراد کی جلد یو اے ای روانگی کیلئے متبادل آپشنز پر بھی غور کیا گیا۔لاہور سے 12 افراد ر ابوظہبی پہنچ گئے جن میں نسیم شاہ، موسیٰ خان، محمد حارث اور عامر خان شامل ہیں۔ویزے ملنے کے بعد مزید 2 افراد ان مسافروں میں شامل ہوگئے ہیں۔کراچی کنگز کے ہیڈکوچ ہرشل گبز اور تمام افریقی کھلاڑی ابوظبی پہنچ چکے ہیں، جبکہ ٹائٹل کے دفاع کیلئے کراچی کنگز کے شیروں نے قرنطینہ میں ٹریننگ شروع کردی ہے، پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ میچز کا شیڈول جلدجاری کردیاجائیگا۔ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی اور سربراہ پی ایس ایل 6بابر حامد نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم ان غیر معمولی حالات میں ہمیں غیر متوقع چیلنجز کا سامنا ہے جس کی وجہ سے انہیں یہ تکلیف پیش آئی۔ پی سی بی ابوظہبی سپورٹس کونسل اور امارات کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، اور ہماری پوری کوشش ہے کہ تمام شرکاء کو بروقت ابوظہبی لایا جائے تاکہ ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز کا آغاز کیا جاسکے۔