میرج ہالز کی بندش سے مالکان اور مزدور تباہ حالی کا شکار

May 31, 2021

کراچی(سٹی نیوز) ضلع کورنگی میرج ہالز اونرز ایسوسی ایشن کے صدر شیر زمان نے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا میرج ہالز‘ لان اور بینکویٹ کو بند کرنا سراسر ظلم و زیادتی ہے پچھلے سال بھی8 مہینے میرج لائن بند کرکے مالکان اور لیبر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور اب پھر دیگر تمام کاروبار کھول دیئے گئے مگر میرج ہالز کی مسلسل بندش سے مالکان اور لیبر تباہ حالی کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ کرونا ایس اوپیز پر جتنا عمل درآمد شادی ہالز میں ہوتا ہے کسی اور جگہ شاید ممکن نہ ہو۔ ایسوسی ایشن کے صدر شیرزمان نے مزید کہا کہ دن میں مارکیٹوں‘ بازاروں اور شاپنگ مالز میں عوام کا بے پناہ رش شادی ہالز پر پابندی لگانے والوں کا منہ چڑارہے ہیں۔ پریزیڈنٹ کورنگی نے مزید کہا کہ شادی ہالز کی بندش سے لوگ گھروں میں شادیوں کے پروگرامات کررہے ہیں کمروں کے اندر ہجوم کا بھرنا کسی خطرے سے خالی نہیں اس سے تو وائرس کے پھیلائو کے مزید خطرات بڑھتے ہیں جبکہ بڑے بڑے لانز میں ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے یہ  خطرات دور ہوسکتے ہیں۔ شیر زمان نے  مزید کہا کہ گرائونڈ میں شادیوں کے پروگرامز کس کی اجازت سے ہورہے ہیں۔ ہمارا یہ موقف ہے کہ مالکان اور لیبر مسلسل پریشانی کا شکار ہے لہٰذا سندھ حکومت فوری طور پر میرج ہالز کھلوانے کے احکامات صادر فرمائے تاکہ ویٹرز‘ لیبرز‘ گارڈز‘ صفائی پر مامور عملہ کیٹرنگ‘ ڈیکوریشن‘ پروگرام سیٹ اپ ورکرز‘ کولڈ ڈرنکس اور منرل واٹر کی سپلائی کرنے والے عملہ میں پائی جانے والی بے چینی دور ہو اور لوگ باعزت روزگار کمارسکیں۔  اس موقع پر کراچی میرج ہالز‘ لان‘ بینکویٹ اونرز ایسوسی ایشن و لیبر یونین کے صدر رانا رئیس ‘ خواجہ طارق‘ محمد اعجاز‘ سلمان سرور اور دیگر عہدیداران اور ذمہ داران بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں