ٹیکس آمدن میں اضافہ: ویلتھ ٹیکس ایکٹ 1963ء بحال کیا جائے:قاری حبیب الرحمن 

May 31, 2022


لاہور( کامرس رپورٹر)حکومت ٹیکس آمدن میں دگنا اضافہ کرنے کیلئے مشرف دور میں ختم کئے گئے ویلتھ ٹیکس ایکٹ 1963ء کوبحال کرے،ویلتھ ٹیکس ایکٹ 1963 ء کے قوانین کے تمام سیکشنز کو درست قرار دیا جا چکا ہے ،حکمرانوں سے اپیل ہے کہ قرضوں کی بجائے خودانحصاری کی پالیسی لائیں بصورت دیگر ہماری آنے والی نسلیں بھی عالمی مالیاتی اداروں کی مقروض رہیں گی۔ ان خیالات کا اظہار ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری ،صدر زوہیب الرحمن زبیری اور دیگر نے ’’آئندہ مالی سال کا بجٹ اور توقعات ‘‘ کے موضوع پر مذاکرے سے کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر عاشق علی رانا،نائب صدور افضل ایوبی ،عثمان کیانی،واصف علی اویس،صدیق بٹ، سیکرٹری جنرل سید حسن علی قادری ،فنانس سیکرٹری سیف الرحمن زبیری،جوانٹ سیکرٹری عبدالرحمن انصاری ودیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ امیر طبقات اور اشرافیہ سے ویلتھ ٹیکس وصول کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ٹیکس نیٹ میں آنے والوں کیلئے مراعاتی سکیمیں لائی جائیں اور انہیںیوٹیلٹی بلز سمیت دیگر سروسزمیں الگ سے سہولت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ درآمدی بل میں کمی کیلئے پاکستانی مصنوعات کے استعمال کیلئے وسیع مہم شروع کی جائے جس کیلئے حکمران طبقہ ،سیاستدان، کھیلوں اور شوبز کی شخصیات اپنا حصہ ڈالیں۔

مزیدخبریں