آغا سٹیل انڈسٹریز اور تعمیراتی کمپنی صائمہ گروپ کے مابین معاہدہ

May 31, 2022

کراچی(کامرس رپورٹر) ملک میں اپنی نوعیت کے پہلے ماحول دوست گرین ہا ؤسنگ سٹرکچر منصوبے ’’صائمہ پریمیئم ریزیڈنسی‘‘کوگرین الیکٹرک آرک فرنس ٹیکنالوجی، سٹیل ری بارزکی فراہمی کیلئے ملک کی معروف سٹیل مینو فیکچرنگ کمپنی آغا سٹیل انڈسٹریز لمیٹڈ نے تعمیراتی کمپنی صائمہ گروپ کیساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔صائمہ گروپ پاکستان کے رئیل سٹیٹ پلاننگ اور ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں معیار اور اعتماد کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ جس نے اپنے صارفین کیلئے مختلف رہائشی اور کمرشل میگا پراجیکٹس کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔اس موقع پر صائمہ گروپ کے چیئرمین ذیشان ذکی نے کہا کہ ہم صائمہ پریمیئم ریذیڈنسی کو پاکستان کے پہلے ماحول دوست گرین ہاؤسنگ سٹرکچر منصوبے کے طور پر شروع کرنے کیلئے پْرعزم ہیں جو خصوصی طورپر آغا سٹیل کی جانب سے فراہم کردہ بہترین اور ٹیکنالوجی کے اعتبار سے جدید ترین ریبارزسے تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وژنری منصوبے کیلئے ہمیں آغا سٹیل سے بہترشراکت دار نہیں مل سکتا تھا کیونکہ یہ واحد کمپنی ہے جو گرین سٹیل ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے 100فیصد معیاری سٹیل فراہم کرتی ہے۔اس موقع پر آغا سٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حسین آغا نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے پہلے ماحول دوست گرین سٹرکچر منصوبے کو سٹیل فراہم کرنے کیلئے صائمہ گروپ کیساتھ اشتراک پر خوشی ہے۔یہ معاہدہ سرسبز پاکستان کے ہمارے وژن اور عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آغا سٹیل نے 2.25میگا واٹ کے سولر پراجیکٹ کی تنصیب اور قابلِ تجدید توانائی کیلئے اینگرو انرجی کیساتھ ٹرم شیٹ پرد ستخط کرکے اپنی توانائی مکس کی پائیداری کے ذریعے ایک سبز سٹیل انقلاب کی داغ بیل ڈالی ہے۔ 

مزیدخبریں