قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے مراسلے جاری کر دیئے‘ سپیکر روزانہ 30 ارکان سے ملاقات کریں گے‘ پی ٹی آئی کے 131 ایم این ایز نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا

May 31, 2022


اسلام آباد (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) سپیکر نے پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کیلئے طلب کر لیا ہے۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے مستعفی اراکین کو مراسلے جاری کر دیئے ہیں۔ سپیکر نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو تصدیق کیلئے 6 جون کو طلب  کیا ہے۔ استعفوں کی تصدیق کا عمل جمعہ دس جون تک جاری رہے گا۔ پی ٹی آئی کے مستعفی اراکین اسمبلی کی تعداد 131 ہے۔ روزانہ 30 مستعفی اراکین سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔ ہر رکن اسمبلی کیلئے 5 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے 11 اپریل کو استعفوں کا اعلان کیا تھا۔ دریں اثناء نجی ٹی وی سے انٹرویو میں اسد عمر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں اسمبلی واپسی کا فیصلہ نہیں ہوا۔ مریم نواز سمیت ن لیگ کی قیادت بھی الیکشن کی بات کرتی رہی ہے۔ حکومت دعویٰ کر رہی تھی عمران خان اسلام آباد نہیں پہنچ سکیں گے۔ حکومت کا دعویٰ تھا ملک بھر سے 20 لوگ نہیں نکلیں گے۔ عمران خان کے ساتھ نہ ختم ہونے والا قافلہ چل رہا تھا۔ ملک بھر میں حکومت نے لاقانونیت کا مظاہرہ کیا۔ عمران خان نہیں چاہتے تھے کہ اسلام آباد میں کوئی تصادم ہو۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا ہے کہ اسمبلی میں واپسی کی خبر حسب معمول خواہش پر مبنی ہے۔ کور کمیٹی یا سینئر لیڈر شپ کا فیصلہ یہ ہے کہ نئے انتخابات ہونے چاہئیں۔ لوگوں کو حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ اپنی حکومت منتخب کر سکیں۔

مزیدخبریں