لاہور (نوائے وقت رپورٹ) حکومت کی جانب سے بجٹ کے خدوخال سامنے آگئے۔ اگلے سال وفاقی ترقیاتی بجٹ 700 ارب روپے مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔ نئے مالی سال کا بجٹ 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ مہنگائی، برآمدات، درآمدات، ترسیلات زر کے اہداف بھی طے کئے جائیں گے۔ آئندہ مالی سال کیلئے 1155 ارب روپے کے اضافی ٹیکس لگانے کی تجویز ہے، ٹیکس وصولیوں کا ہدف 7255 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔ کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 843 ارب روپے کی وصولی کی تجویز سامنے آئی ہے، دفاع کی مد میں 1586 ارب روپے کا بجٹ مختص کئے جانے کا امکان ہے، قرض اور سود کی ادائیگیوں کی مد میں 3523 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ معاشی اہداف کے تعین کیلئے سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا جو چار جون کو منعقد ہو گا۔ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوگا۔ این ای سی اجلاس میں سالانہ ترقیاتی اور وفاق کے منصوبے کی منظوری دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں بھاری آمدن کے حامل طبقات کیلئے جن میں بنکنگ کمپنیاں شامل ہیں، جن کی آمدن 50 کروڑ روپے سے زائد ہو ان کیلئے سپر ٹیکس کی شرح بڑھانے کی تجویز ہے۔
ٹیکس وصولیوں کا ہدف 7255 ارب روپے‘ وفاقی ترقیاتی بجٹ 700 ارب روپے‘ دفاع کیلئے 1586 ارب روپے رکھے جانے کا امکان
May 31, 2022