سامراج کے اشارے پر اسرائیل سے دوستی، بھارت سے تجارت شروع ہونے والی: شیخ رشید


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو شہباز شریف 50 روپے عدالتی سٹامپ کی گارنٹی پر 4 سال میں اپنے بھائی کو واپس نہ لا سکا وہ قوم کو کیا ریلیف دے گا۔ سامراج کے اشارے پر اسرائیل سے دوستی بڑھائی جا رہی ہے۔ ہندوستان سے تجارت شروع ہونے والی ہے، ایران اور چین سے فاصلے پیدا ہونے والے ہیں۔ ایک نے اپنے بیٹے کو چیف منسٹر بنا لیا دوسرے نے وزیر خارجہ، تیسرے نے وزیر مواصلات یہ ہے تین چوہوں کا اتحاد، قوم کو گولی، لاٹھی اور آنسوگیس سے دبانے کیلئے رانا ثناء اللہ جیسے اجرتی قاتل کرائے پر رکھ لئے گئے ہیں بلکہ نیب، ایف آئی اے اور اے این ایف سے اپنے کیس ختم کروانا ہے۔ ایک کروڑ اوورسیز پاکستانیوں کو سیاست اور ووٹ سے دور رکھنا قومی بددیانتی ہے، جس پر 2018 ء میں سپریم کورٹ فیصلہ دے چکی ہے۔ ابھی پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی پہلی قسط آئی ہے۔ عنقریب وہ وقت آئے گا جب صدر ان سے اعتماد کے ووٹ کیلئے کہے گا جس سے سامراجی خواہش چکنا چور ہو جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن