لوٹوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے عمران کا ساتھ دیں گے، بچہ حکمران نے مارچ میں خواتین سے برا سلوک کیا


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے صاحبزادے زین قریشی نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ پی ٹی آئی اور  مسلم لیگ (ق) نے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی فوری طور پر اپنے امیدواروں کا اعلان کرے، لوٹوں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں ہم عمران خان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نام نہاد بچہ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کا الیکشن اور حلف آئینی و قانونی دونوں طریقوں سے ٹھیک نہیں، وہ صرف پولیس اور چیف سیکرٹری کے کندھوں پر سوار ہو کر حکومت کر رہے ہیں۔ بچہ حکمران نے آزادی مارچ میں عورتوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا۔ شاہ محمود قریشی نے چودھری پرویز الٰہی کو آزادی مارچ کے راستے میں حکومت کی جانب سے حائل رکاوٹوں اور قانون کی خلاف وزری کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہماری کے پی کے میں حکومت نے کبھی آئینی حقوق سلب نہیں کئے جبکہ پنجاب میں حقوق سلب کیے، پنجاب کے چھتیس اضلاع میں کریک ڈاؤن کر کے ہزاروں کی تعداد میں گرفتاریاں کی گئیں۔ رانا ثناء اللہ ناٹک کر رہے ہیں کہ لوگ نہیں تھے، اگر لوگ نہیں تھے تو پھر کنٹینر اور رکاوٹیں کیوں لگائی گئیں۔ عمران خان نے عدالتوں اور اداروں کا احترام کرتے ہوئے کارکنوں کو دھرنے کی کال نہیں دی لیکن ہر بار کارکنوں کے جوش و جذبے کو روکنا شاید عمران خان کے بس میں بھی نہ رہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی بربریت عوام کی حقیقی آزادی کی جدوجہد کو مزید دبا نہیں سکے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن