کوئٹہ+ لاہور (بیورو رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) بلوچستان کے 32اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ آزاد امیدوار بدستور سرفہرست ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے 32اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے آنے کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا۔ پیر کے روز موصول ہونے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق 1882نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ جبکہ جمعیت علماء اسلام 469، بلوچستان عوامی پارٹی 303، نیشنل پارٹی 145، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی 135، پاکستان پیپلز پارٹی 130، بلوچستان نیشنل پارٹی102، پی ٹی آئی 71، بی این پی عوامی 68، عوامی نیشنل پارٹی 43، مسلم لیگ (ن) 20، جمہوری وطن پارٹی19، جماعت اسلامی 16نشستوں پر کامیاب ہو ئی ہے۔ نتائج کے مطابق 1584امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے دوران مختلف علاقائی اتحاد نے بھی متعدد نشستیں حاصل کی ہیں جن میں گوادر میں حق دو تحریک سرفہرست ہے جس نے کم و بیش 52نشستیں حاصل کی ہیں تاہم ایک ہزار سے زائد حلقوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج تاحال موصول نہیں ہوئے۔ الیکشن کمیشن حکام نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ فی الحال انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے موصول ہونے والے نتائج کو دوبارہ بھی چیک کیا جارہا ہے جبکہ حتمی نتائج کا اعلان آئندہ دو روز میں متوقع ہے۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں جے یوآئی کی کامیابی پر ذمہ داران اور کارکنوں کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ اس کامیابی پر ہم سب کو اللہ کے حضور سربسجود ہونا چاہیے اور شکر بجا لانا چاہئے اور ہر قسم کے تکبر اور غرور سے بچنا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ خیبر کے بعد اس کامیابی نے ثابت کیا ہے کی عوام جے یو آئی کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اور اس کے بیانیہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابیوں پر تکبر اور غرور سے بچنا چاہیے، ایسا کوئی عمل یا ایسا کردار اللہ کریم کی ناراضگی کا ذریعہ بن جاتا ہے اس سے ہر صورت اجتناب کرنا چاہیے۔ مولانا نے کہا کہ گالم گلوچ سے بچنا چاہیے یہ مہذب لوگوں کا انداز نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا جمعیت مہذب سیاست پر یقین رکھتی ہے اور گالم گلوچ کی سیاست سے نفرت کرتی ہے۔ ہمارے کارکن میدان عمل میں رہیں اور محنت اور کاوشیں جاری رکھیں۔