کراچی(سپورٹس رپورٹر)آئی پی ایل کی طوالت سے آئی سی سی بھی پریشان ہو گیا۔آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے نے کہا ہے کہ بھارتی ٹی ٹونٹی لیگ کی طوالت کے وجہ سے دو طرفہ سیریز کا انعقاد خطرے میں ہے۔آئی سی سی چیئرمین ان دنوں بھارت میں ہیں اور وہ بی سی سی آئی کی دعوت پر آئی پی ایل کا فائنل دیکھنے بھارت آئے ہیں۔بحالت مجبوری اور آئی سی سی کا کما پوت ہونے کے ناطے گریگ بارکلے نے آئی پی ایل کو ایک شاندار ٹورنامنٹ کہا، لیکن اپنے دل کی بات بھی کہہ ڈالی۔ چیئرمین گریگ بارکلے نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر آئی پی ایل جیسی کرکٹ لیگ کی تعداد میں اضافہ ہوا تو خدشہ ہے کہ بین الاقوامی دو طرفہ سیریز کا انعقاد کم سے کم ہو جائیگا۔گریگ بارکلے نے کہا کہ سیریز کے نہ ہونے سے دونوں کرکٹ بورڈز کو بھی مالی نقصان پہنچ سکتا ہے۔آئی سی سی چیئرمین نے کہا کہ آئی پی ایل کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ پر برا اثر پڑ رہا ہے۔