اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)ہکلہ ، ڈیرہ اسماعیل خان موٹر وے(M-14) پر سہولیات کا فقدان ’‘نوائے وقت ‘‘ کی خبر پر این ایچ اے کا نوٹس۔ترجمان نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے روزنامہ نوائے وقت اسلام آباد کی29 مئی2022کی اشاعت میں شائع ہونے والی خبر کے حوالے سے کہا ہے کہ ہکلہ۔ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے پر پنڈی گھیب سروس ایریاز(نارتھ اور ساتھ بانڈ)کا ٹھیکہ دیدیاگیا اوروہ زیر تعمیرہیں۔اسی طرح جنڈ کے مقام پر بھی سروس ایریاز کا کام جاری ہے اور جون2022میں آپریشنل ہوجائیں گے۔ترجمان نے کہاکہ عیسی خیل سروس ایریاز کا ٹھیکہ بھی دے دیا گیاہے اور اس کی اپروچ تعمیر کرلی گئی ہے اور توقع ہے کہ یہ سروس ایاز بھی 31،اگست 2022 تک آپریشنل ہوجائیں گے۔اسی طرح پہاڑ پور کے مقام پر سروس ایریازبھی زیرتعمیر ہیں اور وہاں پر عارضی طور پر فِلنگ اور مسجد آپریشنل ہے، پہاڑ پور سروس ایریاز کی جلدازجلد تکمیل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ موٹروے نیٹ ورک پر عالمی معیارکی سفری اور شہری سہولیات کی فراہمی اتھارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے اور ہکلہ۔ڈیرہ اسماعیل خان کے دونوں طرف سروس ایریاز،فیول سٹیشنز اور سکیورٹی سمیت تمام ممکنہ سہولیات کو جلد از جلد مہیا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔