کاہنہ، شرقپور، سرگودھا، گجرات، سمبڑیال سمیت کئی شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان، کاروبار متاثر


اسلام آباد+ کاہنہ+ شرقپورشریف (نا مہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) بجلی کا شارٹ فال 6ہزار 500میگاواٹ ہو گیا ہے،ملک کے مختلف علاقوں میں 10سے 12گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ جبکہ شرقپور شریف، کاہنہ، سرگودھا، گجرات، سمبڑیال سمیت کئی شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے،کاہنہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی مجموعی طلب 26ہزار میگاواٹ ہے ، پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 19ہزار500میگاواٹ ہے جبکہ زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔ ادھر کاہنہ حمزہ ٹاؤن کے رہائشیوں نے 3 دن سے خراب بجلی بحال نا ہونے پر سب ڈویژن کاہنہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تھانہ کاہنہ کے سامنے فیروزپور روڈ دونوں اطراف سے بند کر دی جس سے گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئی جس سے فیروزپور روڈ پر سفر کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ دو گھٹنے ٹریفک جام ہونے کے بعد کاہنہ پولیس کی بجلی کی بحالی کی یقین دہانی کے بعد روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ علاوہ ازیں شرقپور شریف اور گردونواح سینکڑوں دیہات میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس سے گھریلو اور کاروباری زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیراعظم پاکستان نوٹس لے اور بجلی بندش فوری طور پر ختم کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن