کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کے لئے متعدد سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ہوگیاہے، صوبے میں بلدیاتی انتخاب کا پہلہ مرحلہ ملتوی کرنے کی درخواست الیکشن کمیشن میں اگلے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران دائر کردی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتیں تحریری طور پر الیکشن کمیشن کو تاریخ بڑھانیکی سفارش کریں گی،صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ اپوزیشن جماعتوں کے اتفاق کے بعد تحریری معاہدہ الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں گے۔الیکشن کمیشن کو نئی تاریخ کے حوالے سے بھی کی گئی مشاورت سے آگاہ کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ سلیکٹ کمیٹی میں مشاورت سے کیا گیا ہے۔سندھ حکومت نے انتخابات ملتوی کرنے کی سلیکٹ کمیٹی کی سفارشات ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو ارسال کردیں، جو انہیں سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائیں گے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ ایم کیو ایم پاکستان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرنے اور بلدیاتی انتخابات کو مخر کرنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں ایم کیو ایم نے بلدیاتی سیٹ اپ کو 90 روز کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا بھی کی تھی۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے بھی صوبے بھر میں اعلان کردہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر حکم امتناعی کی درخواست دائر کی تھی جسے سندھ ہائیکورٹ نے مسترد کردیا تھا۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کیلئے شیڈول جاری کررکھا ہے، کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ ڈویژن میں پولنگ 24 جولائی کو ہوگی۔