حکومت کو نہیں معلوم کہ کون ا=سرائیل جارہا ہے، اب اسرائیل کے ساتھ پینگیں بڑھائی جارہی ہیں: شہزاد وسیم

May 31, 2022


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینٹ نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی بربریت کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد سینیٹر مشتاق احمد نے ایوان میں پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان 72 سالوں سے فلسطین پر اسرائیلی قبضے کی مذمت کرتا ہے۔ قرارداد میں اسرائیلی فوج کے حالیہ تشدد اور دہائیوں سے غزہ کی بندش کی مذمت کی گئی ہے۔ ایوان نے اسلاموفوبیا، سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف قرارداد بھی منظور کرلی۔  سینٹ اجلاس میں اسرائیل جانے والے صحافی کی شہریت ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سینٹ کے اجلاس میں جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے نقطہ اعتراض میں کہا کہ جو پاکستانی اسرائیل کے دورے پر گئے اس پر ایوان میں اعتماد میں لیا جائے، احمد قریشی جو پاک فوج کے ادارے کے پروجیکٹ پر کام کرتے ہیں وہ بھی اسرائیل گئے ہیں، جو بھی اسرائیل گئے ہیں ان کی شہریت ختم کی جائے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم اخباری خبر پر کوئی بات نہیں کرسکتے، میں وزارت خارجہ سے کنفرم کرکے ایوان کو آگاہ کروں گا۔ سینٹ میں قائد خزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاسپورٹ پر واضح لکھا ہے کہ آپ اس پاسپورٹ پر اسرائیل کا دورہ نہیں کرسکتے، امپورٹڈ حکومت امریکا اور اسرائیل کی خوشنودی پر لگے ہوئے ہیں، اور پی ٹی وی کا ایک ملازم احمد قریشی بھی اسرائیل گیا ہے۔ اسرائیل کے ساتھ پینگیں بڑھائی جارہی ہیں، جماعت اسلامی کے مشتاق احمد نے لاپتہ افراد کی نظربندی اور دوسرے ملکوں کو حوالگی کے حوالے سے آرٹیکل 9 اور 10 میں ترامیم پیش کردیں۔

مزیدخبریں