کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرہ کو پیش نہ کرنے پرآئی جی سندھ کامران فضل کو کام سے روک دیا۔سندھ ہائی کورٹ میں دعا زہرہ کے مبینہ اغوا سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔عدالتی حکم کے باوجود پولیس دعا زہرہ کوپیش کرنے میں ناکام رہی۔عدالت نے آئی جی سندھ کامران فضل کو کام سے روکتے ہوئے ان سے چارج واپس لینے کا حکم دے دیا۔عدالت نے دعا زہرہ کیس میں تحریری فیصلے میں کہا کہ آئی جی سندھ کامران فضل نے غیرحقیقی رپورٹ پیش کی جو مسترد کی جاتی ہے۔ آئی جی سندھ کا چارج کسی اہل افسر کو دیا جائے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن اپنی رائے دے کہ کامران فضل اس عہدے کے اہل ہیں یا نہیں۔ ہم بہترسمجھتے ہیں کہ اس مسئلے کو انتظامیہ پرچھوڑ دیا جائے۔ایڈوکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ دعا زہرہ خیبر پی کے میں ہے۔ ہم نے چھاپے مارے مگر وہ 20 منٹ پہلے وہاں سے چلے گئے۔ ڈی آئی جی ہزارہ کو براہ راست ہدایت جاری کی جائیں۔ پولیس میں سے ان کی مدد کی جارہی ہے۔ آئی جی خیبر پی کے کہتے ہیں کہ فکر نہ کریں، ایک دو دن میں دے دیں گے۔ دعا شروع میں ہی ہمارے صوبے سے باہر چلی گئی اور اس نے شادی کرلی۔ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ ہم کارروائی میں کہیں مجبور ہوتے ہیں جس پرعدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ حکومت ہیں حکومتیں کیسے مجبور ہو سکتی ہیں۔ دعا پاکستان ہی میں ہے آپ بازیاب نہیں کروا پارہے۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ ہم آپ کی کارکردگی اور رپورٹ سے مطمئن نہیں۔ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ آپ کام نہیں کر رہے مگر بچی ہمارے سامنے نہیں آئی۔عدالت نے دعا زہرہ کو 3 جون تک پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگرآپ جمعہ تک بچی کو لے آئیں تو بچ سکتے ہیں۔اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچی جمعہ کو یہاں ہوگی اورایسا نہ ہوا تو پھر شوکاز نوٹس اور کارروائی کریں گے۔
دعا زہرہ / کیس
سندھ ہائیکورٹ دعازہرہ کو پیش نہ کرنے پر آئی جی کو کام سے ر و ک دیا
May 31, 2022