اسلام آباد(نا مہ نگار)ہائیر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی ) نے اپنے پروگرامز اور سروسز کی فیس کی ادائیگی کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے آن لائن / آٹومیٹڈ طریقہ کار مرتب کرنے کا فیصلہ کر لیاہے اور اس سلسلے میں ون لنک پرائیویٹ لمیٹڈ (1Link Pvt. Ltd.) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔ ایچ ای سی اور ون لنک کے بیچ طے پانے والے معاہدے کے تحت فیس ادائیگی کی آن لائن سہولت کو ایچ ای سی پورٹلز کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔
جس سے طلباء اور ایچ ای سی پورٹلز کے صارفین ایچ ای سی کے تمام پروگراموں اورسروسز کے لیے اپنی فیس موبائل فون یا انٹرنیٹ کے ذریعے جمع کرسکیں گے۔ یہ سہولت پہلے مرحلے میں ایچ ای سی سروسز بشمول معادلہ اسناد (Equivalence)، قومی و غیر ملکی وظائف پروگرامز، اور ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (Education Testing Council) کے ٹیسٹ وغیرہ کا احاطہ کرے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں ایچ ای سی کی طرف سے اسناد کی تصدیق (Attestation)کی سروس میں مستعمل ہو گا۔ آن لائن ادائیگی کے ذریعے ایچ ای سی پورٹلز استعمال کرنے والے حضرات کا وقت بچے گا ، جبکہ ایچ ای سی کے مراحل میں مزید شفافیت اور آسانی پیدا ہوگی۔ ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں منعقد کی جانے والی تقریب میں ایچ ای سی اکاونٹس سیکشن کے انچارچ پرویز اقبال اور ون لنک کی طرف سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نجیب اگراوالہ نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ۔ تقریب میں ایچ ای سی ایڈوائزر اویس احمد، ڈائریکٹر آپریشنز (پرن) عبداللہ فیاض چٹھہ، ڈائریکٹر فنانس غلام نبی، اور دیگر افسران کے علاوہ ون لنک کے سینئر عہدہ داران بشمول چیف آپریٹیو آفیسر محمد بشیر اور بزنس ڈیویلپمنٹ ون لنک عمر انصاری نے شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نجیب اگراوالہ کا کہنا تھا کہ اس طریقہ کار کے آغاز سے ایچ ای سی کے صارفین پاکستان بھر سے موبائل بینکنگ اور انٹرنیٹ بینکنگ کے ساتھ اوور دی کائونٹرمشق کر سکیں گے۔ صارفین جلد ادائیگی کر سکیں گے۔ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی نذیر حسین نے ایچ ای سی اور ون لنگ کے مابین اشتراک کو آٹومیشن کے حوالے سے بڑی کامیابی قرار دیا۔ ڈائریکٹر فنانس غلام نبی نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اشتراک سے ایچ ای سی کے تصدیقی ، معادلہ اور اسکالرشپ کی فراہمی سے متعلق چیلنجز بآسانی حل ہوں گے۔
آسان فیس ادائیگی ،ایچ ای سی کانیا آن لائن طریقہ کار مرتب کرنے کا فیصلہ
May 31, 2022