کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ ٰوہاب کا بوٹ بیسن پر واقع کراچی نیبر ہڈ اسکیم کے تحت چار پارکوں اور فوڈ اسٹریٹ کی تعمیر کا جائزہ لیا، فوڈاسٹریٹ کے اطراف میں بیک وقت چار پارکس بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں ،بوٹ بیسن کو جدید اور سہولتوں سے آراستہ فوڈ اسٹریٹ بنایا جا رہا ہے،یہ چاروں پارکس بنجر اور اجاڑ پڑے ہوئے تھے،پارکوں کی تعمیر کے بعد ہزاروں لوگوں کو تفریح کی سہولیات میسر آئیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بوٹ بیسن پر واقع کراچی نیبر ہڈ اسکیم کے تحت چار پارکوں اور فوڈ اسٹریٹ کا دورہ کرتے ہوئے کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بوٹ بیسن فوڈ اسٹریٹ کراچی کی پہچان ہے ،عوام بڑی تعداد میں فوڈ اسٹریٹ آتی ہیں اس لئے یہاں بین الاقوامی سطح کی سہولتیں فراہم کی جائیں،کسی بھی شہر کی فوڈ اسٹریٹ اس کی تہذیب اور ثقافت کی پہچان ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ کلفٹن میں واقع ہونے کے باعث غیرملکی سیاح بھی بوٹ بیسن فوڈ اسٹریٹ آتے ہیں،ان پانچوں منصوبوں کو اس سال کے نومبر تک مکمل کرلیں گے، ان پانچوں اسکیموں کے لئے فنڈز پہلے سے موجود ہیں،پی ڈی نیبر ہڈ اسکیم نذیر میمن نے تعمیراتی کاموں سے متعلق ایڈمنسٹریٹر کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔