لاہور(خبرنگار)نگراں وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے بتایا ہے کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت تقریباً23 ارب روپے کی لاگت سے صوبے کے 16شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔نئے مالی سال کے دوران ورلڈ بینک ان منصوبوں کے لئے مزید16 ارب روپے فراہم کرے گا۔ اس طرح ان منصوبوں پر عمل درآمد کے لئے مجموعی طور پر39ارب روپے کے فنڈز دستیاب ہوں گے۔نگراں وزیر بلدیات کی زیر صدارت پنجاب میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں پر عمل درآمد کا جائزہ اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب سٹیز پروگرام سید زاہد عزیز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔