نئی دلی (نوائے وقت رپورٹ ) بھارتی حکومت نے گزشتہ برس 9 مارچ کو پاکستانی حدود میں براہموس میزائل فائر کرنے کے واقعے پر عالمی شرمندگی اٹھانے کا اعتراف کر لیا۔ واقعے کے بعد برطرف کئے گئے بھارتی فضائیہ کے افسران کی جانب سے دہلی ہائیکورٹ میں برطرفیوں کیخلاف درخواست میں بھارتی حکومت نے عدالت میں جواب جمع کراتے ہوئے اعتراف کیا براہموس میزائل گرنے کے واقعے سے پڑوسی ممالک سے تعلقات بھی متاثر ہوئے۔ بھارتی حکومت نے اپنے جواب میں عدالت کو بتایا پاکستانی حدود میں میزائل گرنے کے حادثے پر ملکی خزانے کو 24 کروڑ روپے کا نقصان ہوا جبکہ بین الاقوامی برادری نے بھی واقعے کی تفصیلات جاننے کیلئے حکومت پر دباؤ بڑھایا تھا۔ بھارتی حکومت نے اعتراف کیا پاکستانی حدود میں میزائل گرنے سے عالمی سطح پر بھارت اور بھارتی فضائیہ کی ساکھ پر بھی سوال اٹھ گئے تھے۔ اپنے جواب میں بھارتی حکومت نے مؤقف اپنایا شواہد کی حساس نوعیت کے پیش نظر فضائیہ افسران کی برطرفیوں کیخلاف درخواست بلاجواز ہے۔واضح رہے میزائل واقعے کیخلاف سنگین غفلت کے الزام میں بھارتی فضائیہ کے 4 افسران کو برطرف کیا گیا تھا۔