اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) بلوچستان ہائیکورٹ اور پشاور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی مستقلی کا معاملے پر چیف جسٹس پاکستان اور چیئرمین جوڈیشل کمشن آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے 7 جون کو جوڈیشل کمشن اجلاس طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ کے پانچ اعر پشاور ہائیکورٹ کے تین ایڈیشنل ججز کی مستقلی پر غور کیا جائے گا۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے جن جج صاحبان کی مستقلی پر غور کیا جائے گا ان میں جسٹس اقبال احمد کاسی، جسٹس شوکت رخشانی، جسٹس گل حسن ترین سمیت جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس سردار احمد حلیمی کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز میں جسٹس شاہد خان، جسٹس خورشید اقبال اور جسٹس فضل سبحان کی مستقلی پر بھی غور ہو گا۔