امریکامیں قیدڈاکٹرعافیہ صدیقی سے بڑی بہن فوزیہ صدیقی کی ملاقات ہوئی ہے۔جماعت اسلامی کے سینیٹرمشتاق احمد خان کے مطابق فوزیہ صدیقی کی فورٹ ورتھ کی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ سے ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سینیٹر مشتاق احمد نے بتایا کہ ڈاکٹر فوزیہ کو عافیہ سے گلے ملنے اور ہاتھ ملانے تک کی اجازت نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فوزیہ کو اس بات کی اجازت نہیں دی گئی کہ وہ ڈاکٹرعافیہ کو اسکے بچوں کی تصاویردکھا سکے، جیل کے ایک کمرے میں درمیان میں موٹا شیشہ لگا تھا اور اس کے آرپار ملاقات تھی۔انہوں نے کہا کہ عافیہ سفید سکارف اورخاکی جیل ڈریس میں تھی،ڈھائی گھنٹے کی ملاقات میں پہلے ایک گھنٹہ ڈاکٹرعافیہ نے روز اپنے اوپر گزرنے والی اذیت کی تفصیلات سنائیں اور کہا کہ مجھے اپنی امی ،بچے ہروقت یاد آتے ہیں (ان کواپنی امی کی وفات کاعلم نہیں )۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرعافیہ کے سامنے والے دانت جیل میں حملے میں گر چکے ، اوران کو سر پر ایک چوٹ کی وجہ سے سننے میں بھی مشکل پیش آرہی تھی۔سینیٹرمشتاق احمد نے کہا کہ ( آج)جمعرات کودوبارہ ملاقات طے ہے،میں خودبھی ملوں گا،انہوںنے کہا کہ اگر چہ صورتحال تشویشناک ہے لیکن ملاقاتوں کابات چیت کاراستہ کھل گیا۔اب ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام آوازاٹھائیں اورحکمرانوں کومجبورکرے کہ وہ فوری اقدامات کرکے عافیہ رہائی کامعاملہ امریکی حکومت کیساتھ اٹھائے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کو بہن سے ملاقات کے لیے امریکا کا ویزا ملا تھا اور وہ سینیٹر مشتاق احمد خان کے ساتھ امریکا گئیں۔