لاہور(کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آفس کا دورہ کیا اور ادارے کی ورکنگ کا جائزہ لیا۔ ڈی جی پی ایس ڈی اے صاحبزادی وسیمہ عمر نے ادارے کی ورکنگ اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فنی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ فنی تعلیم کے اداروں کی لیبز کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی سکل پالیسی کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے اور آئندہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ کابینہ کی منظوری کے بعد سکل پالیسی نافذ العمل ہو گی۔ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں میں انرولمنٹ بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ڈی جی پی ایس ڈی اے نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرکاری اور نجی اداروں کی پی ایس ڈی اے میں رجسٹریشن کا یکساں نظام رائج ہے۔اداروں ا کی رجسٹریشن آن لائن ہو رہی ہے اور اب 11 سو ادارے پی ایس ڈی اے میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔