گوادر سے مسقط جانے کی غیر قانونی کوشش کے دوران 3 افراد ہلاک

گوادر (نوائے وقت رپورٹ) غیرقانونی طور پر مسقط جانے کی کوشش کرنے والے والے 3 افراد بلوچستان کے ضلع گوادر کے سمندر میں جان کی بازی ہار گئے۔ گوادر کے سمندر میں بھٹکنے والے افراد کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ غیرقانونی طور پر مسقط جانے کی کوشش کے دوران کشتی خراب ہونے سے 20 افراد سمندر میں بھٹک گئے۔ ڈپٹی کمشنر گوادر نے بتایا کہ کشتی خراب ہونے کی وجہ سے یہ لوگ سمندر بھٹک گئے تھے اور 20 دنوں سے یہ لوگ سمندر میں بھوکے اور پیاسے رہے، 3 افراد بھوک کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے، جب کہ مقامی ماہی گیروں نے بھٹکے ہوئے افراد کو ریسکیو کیا۔ 5 افراد کی حالت بھوک اور پیاس کی وجہ سے انتہائی خراب ہے۔ جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ تمام افراد کو اپنی تحویل میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن