اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کے اجلاس میں سی ڈی ڈبلیو پی نے 609.45 ارب روپے کی لاگت کے دو منصوبوں کی سفارشات ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) کو بھجوا دی گئیں۔ اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظور سمرا، ایڈیشنل سیکرٹری منصوبہ بندی، جے سی ای (او پی ایس)، جے سی ای (ای پی)، منصوبہ بندی کمیشن کے اراکین اور وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ اور مواصلات اور توانائی کے شعبوں سے متعلق منصوبے زیر بحث آئے۔ توانائی کے شعبے سے متعلق ایک منصوبہ پیش کیا گیا جس کا نام "گولین گول ہائیڈرو پاور پروجیکٹ (108 میگاواٹ) چترال، (دوسرا نظر ثانی شدہ)" تھا، جس کی مالیت 42,002 ملین روپے ہے، جسے حتمی منظوری کے لئے ایکنک کو بھیجا گیا۔ ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے سے متعلق ایک منصوبہ پیش کیا گیا جس کا نام "چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) قراقرم ہائی وے تھاکوٹ سے رائیکوٹ فیز- ٹو)" ہے، جس کی کل مالیت 567453.369 ملین روپے (14775 ملین آر ایم بی) ہے، منصوبے کو اجلاس نے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھیجا۔ یہ منصوبہ چینی سافٹ لون کے ذریعے مالی اعانت سے مکمل کیا جائے گا۔ سڑک کی کل لمبائی 241.086 کلومیٹر ہے، جس میں کے کے ایچ کی مین لائن 224.911 کلومیٹر اور لنک سڑکیں 16.175 کلومیٹر ہیں۔
سی ڈی ڈبلیو پی اجلاس، 609 ارب کے منصوبے ایکنک کو ارسال
May 31, 2024