اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے اضافی گندم کی درآمد میں ملوث افسران کے خلاف مزید کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 4 معطل افسران کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی۔ سیکرٹری تجارت صالح فاروقی کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا گیا۔ معطل افسران کے خلاف سول سرونٹس ایفیشینسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020ء کے تحت انکوائری کی جائے گی۔ دوسری طرف سیکرٹری کابینہ کامران علی افضل کی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پر فوڈ کمشنر ون ڈاکٹر وسیم الحسن کو معطل کیا گیا، مگر مذکورہ افسر کا گندم کی فصل کے امور سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے لکھے گئے سسپینشن لیٹر میں بڑی غلطی کرتے ہوئے سید وسیم الحسن کا عہدہ غلط درج کیا گیا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سید وسیم الحسن کو فوڈ کمشنر ون کی بجائے فوڈ کمشنر 2 لکھ دیا۔