خیبر پی کے میں سینٹ انتخابات نہ کرانے سے عوام کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں: پشاور ہائیکورٹ

پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ نے خیبرپی کے  میں سینٹ الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے واضح جواب طلب کرلیا اور اگلی سماعت پر الیکشن کی تاریخ دینے کا حکم دے دیا۔ خیبر پی کے میں سینٹ الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل علی زمان ایڈووکیٹ نے کہا کہ سینٹ الیکشن خیبر پختونخوا میں ابھی تک نہیں ہوا، ہماری استدعا ہے کہ سینٹ الیکشن جلد کرایا جائے۔ وکیل الیکشن کمیشن محسن کامران نے کہا کہ سپریم کورٹ میں دو کیسز زیرسماعت ہیں، ایک مخصوص نشستوں والا اور دوسرا حلف برداری کا ہے۔ جسٹس وقار احمد نے کہا کہ کیا اس وقت تک آپ سینٹ کا الیکشن نہیں کرائیں گے؟۔ اس سے تو صوبے کے عوام کے حقوق متاثر ہورہے ہیں، سینٹ میں اس صوبے کی نمائندگی نہیں ہے، آپ ہمیں بتا دیں کہ الیکشن کب کرا رہے ہیں؟۔ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم تو تیار ہیں الیکشن کرانے کے لیے، تاہم سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف لینے کے حوالے سے ہائی کورٹ کا جو فیصلہ ہے اسے معطل کردیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے کہا آئندہ سماعت پر کلیئر رپورٹ جمع کرائیں کہ الیکشن کب کرائیں گے۔ بعدازاں عدالت نے سماعت 6 جون تک ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...