پشاور (نوائے وقت رپورٹ) ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق لکی مروت تھانے کی حدود میں پولیس مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم ٹیپو گل گروپ کے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور دیگر ساتھی پہاڑ کی طرف فرار ہوگئے۔ہلاک دہشت گرودں کے قبضے سے 2 کلاشنکوفیں، 8 میگزین، درجنوں کارتوس اور 4 ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوئے۔پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ انٹیلی جینس بیسڈ آپریشن میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی فورس بنوں ریجن نے مشترکہ طور پر کارروائی کی۔ دہشت گرد پولیس چوکی عباسیہ خٹک اور تھانہ ڈاڈیوالہ پرحملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ دہشتگردوں نے پولیس فورس پر مخالف سمت سے گرینیڈ حملہ کیا۔ فائرنگ کا تبادلہ آدھے گھنٹے جاری رہا۔ آپریشن میں ہلاک دہشتگردوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے سرائے نورنگ اسپتال منتقل کردی گئیں۔