اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر ونگ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف آئی اے سائبر ونگ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کا فیصلہ گزشتہ دنوں عمران خان کے آفیشل ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کی پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 26 مئی کو بانی پی ٹی آئی کے ایکس ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کے نام پر ویڈیو پوسٹ کی گئی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اڈیالہ جیل میں ہیں، ان کا آفیشل ہینڈل پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کیلئے استعمال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر ونگ پی ٹی آئی کے 4 لوگوں سے اس معاملے پر بات کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے ٹیم عمران خان، بیرسٹرگوہر، عمر ایوب اور رؤف حسن سے بات کرے گی اور تعین کرے گی کہ ویڈیو ٹویٹ بانی پی ٹی آئی نے خود یا ان کی اجازت سے کی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ بھی دیکھا جائے گا کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا کس نے بنایا اور کس نے چلایا۔ اکاؤنٹ ہولڈر کی طرف سے ایسا کیا گیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اکاؤنٹ ہولڈر نے ٹویٹ نہیں کیا تو انہیں اپنا ایکس اکاؤنٹ غیر قانونی استعمال پر بند کرنے کی درخواست دینا ہوگی۔ایف آئی اے نے جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد سے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں انکوائری کے لئے رابطہ کیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو پیکا ایکٹ 2016ء کی خلاف ورزی ہے، جسکی تفتیش ہونا لازم ہے۔
شیخ مجیب کی ویڈیو اپ لوڈ ہونے کا معاملہ، ایف آئی اے بانی پی آئی سے تحقیقات کرے گی
May 31, 2024