راولپنڈی؍ اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت +نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو تھانہ شہزاد ٹائون میں درج 9 مئی کے 2 مقدمات میں بری کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے بانی پی ٹی آئی کی درخواستِ بریت منظور کر لی۔ پراسیکیوشن کی جانب سے ناکافی شواہد پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو بری کیا ہے۔ اس سے قبل عدالت نے 16مئی کو 9 مئی سے متعلق کیس میں بانی پی ٹی آئی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے جیل حکام کو عمران خان کی بیٹوں سے بات کرانے اور خون کے نمونے ڈاکٹر فیصل کی موجودگی میں لیے جانے کا حکم جاری کر دیا۔ فیصلہ جج ملک اعجاز آصف نے سنایا۔ جج نے فیصلے میں جیل حکام کو بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کا حکم دیا۔ جج نے یہ بھی حکم دیا کہ بانی پی ٹی آئی کے خون کے نمونے پمز ہسپتال کے ڈاکٹر فیصل کی موجودگی میں لیے جائیں۔ عدالت نے بشریٰ بی بی سے ملاقات کی درخواست پر عمران خان کو ہدایت دی کہ وہ یہ درخواست متعلقہ عدالت میں دائر کریں۔ دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات ہوئی۔ صاحبزادہ حامد رضا، رؤف حسن، شیخ وقاص اکرام، صاحبزادہ محبوب سلطان، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بچھر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی۔ موجودہ سیاسی صورتحال اور مقدمات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔