لاہور+ لندن (سپورٹس رپورٹر+ آئی این پی) پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان کی تقرری کے حوالے سے کہا ہے کہ صرف بابر اعظم ہی قیادت کے لیے کافی ہیں۔ لندن میں پاکستان ہاؤس میں قومی ٹیم کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کی غیر متزلزل حمایت پر زور دیا۔ ٹیم کو سپورٹ کرنے کا وقت ہے۔ میں ہر کسی سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اگلے چار ہفتوں تک ٹیم پر تنقید کرنا چھوڑ دیں۔ یہ ٹیم آپ کیلئے ورلڈ کپ جیتے گی۔ نائب کپتان کے حوالے سے کہا کہ میری رائے میں بابر اعظم ہی کافی ہیں، انہوں نے ٹیم کے اندر موجود ٹیلنٹ کو بھی اجاگر کیا اور اصرار کیا کہ انہیں کامیابی کیلئے صرف قوم کے تعاون کی ضرورت ہے۔ پاکستانی ٹیم بے پناہ ٹیلنٹ کے حامل بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ تنقید بند کریں۔ پوسٹ مارٹم صرف ایک میچ ہارنے کے بعد شروع ہوتا ہے جو کہ درست نہیں ہے۔ لڑکے بے صبری سے قوم کی حمایت کے منتظر ہیں۔ ورلڈ کپ جیتو۔ میں نے کھلاڑیوں کو حوصلہ دیا ہے کہ وہ جیت یا ہار کے دباؤ کے بغیر اپنے کھیل پر توجہ دیں۔ اپنی پوری کوشش کریں، جیت اور ہار اللہ کے ہاتھ میں ہے، میں اس ٹیم کو ورلڈ کپ میں بہت آگے جاتا دیکھ رہا ہوں۔ آخر میں محسن نقوی نے ورلڈ کپ میں شرکت کے اپنے منصوبوں کا بھی اشتراک کیا حالانکہ اس کا شیڈول طے نہیں ہوا ہے۔ اگر مجھے وقت ملا تو میں پاکستان بھارت میچ دیکھنے جاؤں گا۔ لندن کے میئر صادق خان نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹی ٹونٹی سیریز کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم جیتے یا انگلینڈ دونوں صورتوں میں یہ ہماری فتح ہے۔ پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کے موقع پر میئر لندن صادق خان کا کہنا تھا کہ بابراعظم میرا فیورٹ پلیئر ہے، وہ رول ماڈل ہے۔ پاکستان ٹیم کی بائولنگ دیکھ کر مجھے وقار یونس اور وسیم اکرم یاد آجاتے ہیں۔ پاکستانی ہائی کمشنر کے عشائیے میں وفاقی وزیرداخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور سابق وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سمیت اہم شخصیات اور کمیونٹی کے افراد بھی شریک ہوئے۔ بعدازاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن کے میئر صادق خان سے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کرکٹ کے حوالے سے خاص طور پر گفتگو ہوئی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میئر لندن صادق خان کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
بابراعظم قیادت کیلئے کافی، ٹیم پر تنقید کرنا چھوڑ دیں ورلڈ کپ جیتے گی: محسن نقوی
May 31, 2024