پاکستان کا دوسرا کمیونیکیشن سیٹلائٹ خلا میں لانچ، وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

May 31, 2024

پاکستان کا دوسرا کمیونیکیشن سیٹلائٹ خلا میں لانچ، وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد
پاکستان کا دوسرا کمیونیکیشن سیٹلائٹ خلا میں لانچ، وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار) پاکستان کا دوسرا کمیونیکیشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم 1 خلا میں لانچ کردیا گیا۔ سیٹلائیٹ چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا۔ پانچ ٹن وزنی سیٹلائٹ جدید ترین مواصلاتی آلات سے لیس ہے۔ ترجمان سپارکو کے مطابق سیٹلائٹ سے پاکستان کے طول وعرض میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی۔ سیٹلائٹ زمین سے 36000 کلومیٹر کی اونچائی پر خلا میں داخل کیا جائے گا۔ سیٹلائٹ کو زمین سے خلا تک پہچنے میں تین سے چار روز لگ سکتے ہیں۔ سیٹلائٹ ای کامرس، ای گورننس اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ایم ایم 1 سیٹلائٹ سپارکو اور چائنیز ایرو سپیس انڈسٹری کے اشتراک سے بنایا گیا ہے۔ پاک سیٹ ایم ایم 1، 15 برس تک کام کرے گا۔ پاک سیٹ ایم ایم 1 ٹی وی نشریات، سیلولر فون اور براڈ بینڈ سروس بہتر بنانے میں مدد دے گا۔ پاک سیٹ ایم ایم 1 رواں برس اگست میں سروس دینا شروع کر دے گا۔ پاک سیٹ ایم ایم 1 کے اے بینڈ 10 گیگا بائٹس فی سیکنڈ صلاحیت کا حامل ہے۔ اس وقت پاکستان کے دو ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ خلا میں موجود ہیں۔ پاک سیٹ ون آر 2011میں لانچ کیاگیا تھا، اس کی لائف 15سال تھی جو 2026 میں مکمل ہوگی، پاکستان کا ایک اور ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ بھی خلا میں موجود ہے، پی آر ایس ایس 1، 2018 میں لانچ کیا گیا تھا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے بیان میں سپارکو اور متعلقہ تمام اداروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام جدت ٹیکنالوجی کے ثمرات سے مستفید ہوں گے۔ پوری قوم کو سائنسدانوں کی شاندار کامیابی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ مدار میں بھیج کر پاکستانی قوم نے ایک عظیم سنگ میل عبور کر لیا۔ شی چانگ سینٹر سے سیٹلائٹ بھیجنا پاک چین مضبوط شراکت داری کا ثبوت ہے۔ ایسے اقدامات سے عوام جدت اور ٹیکنالوجی کے ثمرات سے استفادہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیٹلائٹ سے پورے ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی۔ بہتر مواصلاتی نظام ای کامرس اور ای گورننس میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سپارکو اور متعلقہ اداروں کو بڑی کامیابی پر پوری قوم داد و تحسین پیش کرتی ہے۔ ایم ایم ون زمین کے مدار میں پہنچنا پاکستان کی تابناک مستقبل کی نوید ہے۔ دعا ہے ایم ایم 1 مواصلاتی نظام کی بہتری اور خلائی شعبے میں کامیابیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو۔ وزیراعظم نے پاک سیٹ ایم ایم 1 کو زمین کے مدار میں کامیابی سے بھیجنے پر قوم کو مبارک باد دی۔ پوری قوم کو سائنسدانوں کی شاندار کامیابی پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیٹلائٹ مدار میں بھیج کر پاکستانی قوم نے ایک عظیم سنگ میل عبور کر لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیٹلائٹ سے پورے ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔ بہتر مواصلاتی نظام ای کامرس ا ور ای گورننس میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے مواصلاتی سٹیلائٹ پاک ایم ایم-1  کی کامیاب لانچ پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم کامیابی سے ترقی کی نئی منازل طے ہوں گی۔ 

مزیدخبریں