پی سی بی کا این او سی سے انکار‘ اسامہ کا ٹی 20 بلاسٹ سے معاہدہ منسوخ 

 لاہور (سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ سپنر اسامہ میر کو ٹی 20بلاسٹ میں شرکت کیلئے این او سی جاری کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد لیگ سپنر کا ٹی 20 بلاسٹ سے معاہدہ منسوخ ہوگیا ۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ لیگ سپنر اسامہ میر کو دو لیگز کی حد کی وجہ سے مزید این او سی نہیں دیا گیا، اسامہ میر یکم جولائی 2023ء سے 30جون 2024ء کے سائیکل میں دو لیگز کھیل چکے ہیں۔ اسامہ نے گزشتہ سال دی ہنڈریڈ اور بگ بیش لیگ میں شرکت کی تھی، پی سی بی کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کو پی ایس ایل کے علاوہ دو لیگز کی اجازت دیتا ہے۔ ٹی 20 بلاسٹ میں لیگ سپنر اسامہ میر کو ووسٹرشائر ریپڈز کی نمائندگی کرنا تھی، این او سی نہ ملنے کے بعد ٹیم نے اسامہ میر کا معاہدہ منسوخ کر دیا۔ٹی 20 بلاسٹ کی فرنچائز ووسٹرشائر نے اسامہ میر کی جگہ ویسٹ انڈیز کے ہیڈن واش کو منتخب کر لیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن